امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے ساتھ جاری تنازع ختم کرنے کے لیے ممکنہ معاہدے کے خواہاں ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے اعلیٰ امریکی حکام سے گفتگو میں کہا کہ اگر آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر جہاز رانی کے لیے کھول دیا جائے تو وہ ایران کے ساتھ ایک ایسے سمجھوتے کے لیے تیار ہو سکتے ہیں جس میں وسیع جوہری معاہدہ شامل نہ ہو۔
اخبار کے مطابق صدر ٹرمپ گزشتہ کئی ہفتوں سے آبنائے ہرمز سے بحری آمدورفت کی بحالی کو ممکنہ سفارتی کامیابی کے طور پر پیش کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔
تاہم ایران کی جانب سے سخت شرائط اور مطالبات سامنے آنے کے بعد کسی ممکنہ سمجھوتے تک پہنچنے کی کوششیں مزید مشکل ہو گئی ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے سینئر معاونین کے سامنے یہ امکان بھی ظاہر کیا کہ جوہری معاہدہ طے پائے بغیر جنگ یا تنازع کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے، تاہم ایران کے مطالبات نے مذاکراتی عمل کو پیچیدہ بنا دیا ہے

